ہمیشہ خاموش کر دیتا ہے تمہارا اچانک سے چلے آنا
مجھے لگتا ہے کہ یہ تمہارے نہ آنے سے زیادہ تکلیف دہ ہے۔ کیونکہ دیکھو جب تم نہیں آتے تو بس ایک جنگ ہوتی ہے۔ اندر ہی اندر سب ٹوٹتا ہے اور ٹوٹ کر بکھر جاتا ہے۔ لیکن جب تم آتے ہو۔۔۔
جب تم آتے ہو تو طوفان تھم جاتا ہے۔ یہ کرچی کرچی روح یکایک سمٹ جاتی ہے۔ مگر تم تو پھر سے چلے جانے کے لئے آتے ہو ناں۔ مجھے حصہ حصہ توڑنے کے لئے آتے ہو۔۔۔
مجھے لگتا ہے جیسے ساری دنیا مل کر میرا مذاق اڑا رہی ہو۔ سب میرے ٹوٹے جسم کو دیکھ کر ہنس رہے ہوں۔ ان کے قہقہوں کی گونج میری کھال کو نوچتی ہے۔ مجھے گاہ گاہ زخمی کرتی ہے۔ میں نہیں چاہتی خود سے مزید لڑنا۔ مجھے نہیں کسی بھی جنگ میں جیتنا۔ مجھے بس معاف کردو اب۔
مجھے ہمیشہ کے لئے چھوڑ دو اب۔